• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلسوں سے عمران خان کی حکومت نہیں جائے گی، شیخ رشید

وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کا  پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے متعلق کہنا ہے کہ  جلسوں سے عمران خان کی حکومت نہیں جائے گی۔

شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  اللّٰہ نہ کرے عمران خان مائنس ہوں، وہ 5 سال پورے کریں گے، عمران خان کہہ چکے، نیب اور این آراو کے سوا دیگر معاملات پر بات چیت کے لیے  تیار ہیں۔

شیخ رشید نے جے یو آئی ایف کے صدر مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضل الرحمان نے لاٹھی کا جواب لاٹھی سے دینے کا کہا ہے، یہ لاٹھی نہیں قانون کی عملداری ہے، یہ کورونا سے بچانے کا اہتمام ہے،  فضل الرحمٰن بند گلی میں داخل نہ ہوں، بند گلی کے بعد حادثات شروع ہوتے ہیں۔

انہوں نے ن لیگ سے متعلق  کہا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف کا بیانیہ مختلف ہے،  شہبازشریف ڈائیلاگ چاہتے ہیں ہیں یہ اچھی بات ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سرحد سے کوئی خطرہ نہیں اندورنی خطرہ ہے، دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جہاں اداروں کا کردار نہیں۔

شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جس کابینہ  میں، میں ہوں گا اس میں اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

اُن کا پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے متعلق کہنا تھا کہ بلاول کو پشاور سے کورونا ہوا تھا،  کورونا کے مرض میں رہا ہوں، کورونا موذی بیماری ہے،  میں کورونا کے باعث زیادہ دیر بات نہیں کرسکتا۔

شیخ رشید احمد نے اس دوران ریلوے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ سے راولپنڈی کوہاٹ ایکسپریس اور راولپنڈی سے لاہور سبک خرام شروع کر رہےہیں۔

تازہ ترین