• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ فریب تھا، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ فریب تھا۔ جنوبی پنجاب کا ایک لوٹا آٹا اور چینی کی چوری میں ملوث ہے ۔ کووڈ18 عمران خان ملک کا سب سے بڑا وائرس ہے۔ سارے نہیں صرف دو سلیکٹرز مل کر حکومت کی بس کو دھکا لگا رہے ہیں مگر بی آر ٹی کی طرح یہ بس بھی نہیں چل پارہی۔

انہوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اس ملک میں اسرائیل کی حمایت کی مہم کیوں چل رہی ہے؟ کیا وہ اس معاملے پر بھی ایک پیج پر ہیں

ملتان میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو لگے وائرسوں کے علاج کے لیے ضروری ہے کہ اس مہلک وائرس کا علاج کیا جائے، ملک کی ترقی کو کونسا وائرس لگا ہے، مہنگائی کو کونسا وائرس لگا ہے، اس وائرس کا نام عوام جانتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان میٹرو بس کو جنگلہ بس کہتے تھے کہ نہیں بناؤں گا، انھوں نے پشاور میں بی آر ٹی بنائی جو چل کم اور جل زیادہ رہی ہے، اناڑی پاکستان کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ہے، دو سلیکٹرز مل کر پوری قوت سے بس کو دھکا لگا رہے ہیں لیکن بس نہیں چل رہی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ علیمہ باجی نے سلائی مشین سے اربوں روپے کمالیے لیکن بندہ ایماندار ہے، بنی گالہ کا محل بن گیا لیکن بندہ ایماندار ہے، چھ سال سے فارن فنڈنگ کیس میں مفرور لیکن بندہ ایماندار ہے، بشیر میمن نے گواہی دی لیکن بندہ ایماندار ہے، آٹا چینی چوری کرلیا لیکن بندہ ایماندار ہے مالم جبہ اسکینڈل آگیا لیکن بندہ ایماندار ہے، جان بوجھ کر ایل این جی کی ایمپورٹ میں تاخیر کی گئی لیکن بندہ ایماندار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں میں کاروبار نہیں کرتا، تو بھائی کاروبار محنت کرنے والے کرتے ہیں، جب ساری زندگی دوسروں کی جیبوں پر گزار کرنا ہے تو محنت اور کاروبار کی کیا ضرورت، فارن فنڈنگ کا مقدمہ اداروں کو استعمال کرکے کیوں روکا گیا ہے، فارن فنڈنگ کے ثبوت سامنے آئے تو عوام کو پتا چل جائے گا جو آج اسرائیل کے لیے مہم چلارہے ہیں اس کے پیچھے کون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں چینی پچاس روپے کی تھی صادق اور امین کے دور میں ایک سو روپے ہے، نوازشریف کے دور میں غریب گھر میں کھانا کھاتا تھا صادق اور امین کے دور میں بھوکا سوتا ہے، عوام سے وعدہ ہے کہ آپ کو مشکلات سے نکالنے کے لیے جیل بھی جانا پڑا تو کوئی پروا نہیں، نواز شریف کے دور میں 2 اور پانچ روپے کی روٹی تھی صادق اور امین کے درو میں 30 روپے کی روٹی ہے۔


مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں چینی 50 روپے کلو تھی آج 130 روپے کل مل رہی ہے، نواز شریف کے دور میں 30 روپے کلو آٹا تھا، آج 90 روپے میں بھی نہیں مل رہا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ اس سے پہلے کہ پی ڈی ایم آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے خود حکومت چھوڑنے پر اتفاق کرلو، پی ڈی ایم فیصلہ کرنے والی ہے پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں، مریم نواز شریف آج آپ کو خبردار کررہی ہے پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں، پی ڈی ایم کی اس حکومت کو گھر بھیجنے کی تحریک آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔

تازہ ترین