کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان اسٹیل ملز کے 4500سے زائد ملازمین کی جبری برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت قومی ادارے اسٹیل ملز کو چلانے کا روڈ میپ دے اور برطرف تمام ملازمین کو فوری بحال کیا جائے، ملازمین کے حقوق اور ادارے کی بحالی کی جدوجہد جاری رہے گی،وزیر اعظم عمران خان اور اسد عمر اقتدار میں آنے سے پہلے کہتے تھے کہ وہ حکومت میں آکر اسٹیل ملز کو بحال اور ملازمین کو تحفظ فراہم کریں گے، لیکن اب وہ خود ملازمین کو فارغ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پاسلو یونین کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپاسلوکے صدر عاصم بھٹی،جنرل سکریٹری علی حیدر گبول، دی آرگنائزیشن آف پاکستان اسٹیل آفیسرز (ٹاپس) کے جنرل سیکریٹری ملک جہانگیر و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وفاقی وزیر حماد اظہر کا ملازمین کو 23لاکھ روپے دینے کا اعلان مذاق کے مترادف ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تقریباً ڈھائی ہزار ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ اورڈھائی سے تین لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔