• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتاز صحافی اور کالم نگار عبدالقادر حسن انتقال کر گئے، نماز جنازہ آج ہوگی

لاہور(خصوصی نمائندہ) ممتاز صحافی اور کالم نگار عبدالقادر حسن طویل علالت کے بعدانتقال کرگئے ۔ ان کا جنازہ آج ان کی رہائش گاہ 171 - ڈی فیزون ڈیفنس سے اٹھایا جائے گا اور نماز جنازہ صبح 9 بجے اللہ اکبر مسجد ، مسجد چوک ڈیفنس فیز ون ( نزد پٹرول پمپ ) میں ادا کی جائے گی. عبدالقادرحسن 12 مئی 1930 کو موضع کھوڑہ وادی سون سکیسر میں پیدا ہوئے. درس نظامی مکمل کرکے صحافت سے وابستہ ہوگئے. 1969 میں ندائے ملت میں کالم غیر سیاسی باتیں لکھنا شروع کیا، جو بعد میں نوائے وقت، جنگ اور ایکسپریس میں شائع ہوتا رہا. ضیاءالحق دور میں امروز کے ایڈیٹر بھی رہے. 1958-1959 میں ہفت روزہ لیل ونہار کے عملہ ادارت میں شامل رہے. اپنا ذاتی ہفت روزہ افریشیا بھی جاری کیا. ان کے صاحبزادے اطہر اعوان پی آئی اے میں منیجر تعلقات عامہ ہیں. پنجابی کی ممتاز افسانہ نگار اور صحافی رفعت ان کی اہلیہ تھیں. لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئرنائب صدر رائے حسنین طاہر، سیکرٹری بابرڈوگر ، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد ، خزانچی زاہد حسین شیروانی اور اراکین گورننگ باڈی نے عبدالقادر حسن کے انتقال پرشدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ تمام زندگی شعبہ صحافت سے وابستہ رہے اور صحافیوں کے استادوں کے استاد تھے، صحافی برادری کے لئے ان کی وفات ایک سانحہ عظیم ہے ۔

تازہ ترین