تہران (اے ایف پی) ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل اور جلا وطن اپوزیشن گروپ نے ایران کے اعلیٰ جوہری سائنسدان کے قتل کیلئے ایک نیا اور پیچیدہ طریقہ کار اختیار کیا ہے، محسن فخری زادہ کو آٹو میٹک مشین گن سے نشانہ بنایا گیا۔ پیر کے روز ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کو سپرد خاک کردیا گیا، انہیں ایک اعلیٰ شہید کا درجہ دیا گیا۔ ایران کے اعلیٰ سیکورٹی عہدیدار رئیر ایڈمرل عل شامخانی کا کہنا ہے کہ محسن فخری زادہ پر قاتلانہ حملے کی کارروائی بہت پیچیدہ تھی، اس میں الیکٹرانک آلات استعمال کئے گئے اور جائے وقوعہ پر کوئی دوسرا شخص موجود نہیں تھا۔ انہوں نے ویڈیو انٹرویوز میں بتایا کہ دی پیپلز مجاہدین آف ایران اس حملے میں واضح طور پر ملوث ہے اور ان کیساتھ ساتھ اسرائیل اور موساد بھی شامل ہے۔ حملے ک حوالے سے مرحوم ایرانی سائنسدان کے بیٹے نے بتایا کہ ان کی والدہ بھی اس کار میں موجود تھیں جسے نشانہ بنایا گیا تاہم وہ اس حملے میں بچ گئیں۔ ایران کی فارس نیوز ایجنسی نے کوئی ذرائع بتائے بغیر کہا ہے کہ یہ حملہ ایک ریموٹ کنٹرول آٹو میٹک مشین گن کے ذریعے سے کیا گیا جو ایک پک اپ ٹرک پر نصب تھی۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اسرائیلی ہتھیار ملے ہیں۔