کراچی (ٹی وی رپورٹ)تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہا ہے کہ بلاول کو کورونا ہوا تو چھپ کر بیٹھ گیا مگر عوام کو بلارہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں احتجاج میں کچھ لوگ مرجائیں پھر بھی کوئی فرق نہیں پڑتا، جماعت اسلامی کو جلسہ سے منع کیا گیا تھا مگر انہوں نے عدالت سے اجازت لے لی، اسد عمر کے جلسہ میں ڈیڑھ سو لوگ تھے جو ایس او پیز کے ساتھ بیٹھے تھے۔ وہ جیوکے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما جاوید عباسی اور پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ بھی شریک تھیں۔ناز بلوچ نے کہا کہ بلاول بھٹو کہیں بھاگ کر نہیں جارہے حکومت کو بھگائیں گے، اسد عمر نے سندھ میں کنونشن کیا ان کے اردگرد لوگ بغیر ماسک کے تھے۔ جماعت اسلامی کے جلسے ہوتے ہیں وہاں پر کوئی پابندی نہیں ہوتی، عوام کا اپوزیشن پر دباؤ ہے کہ اس نااہل حکومت سے جان چھڑائے۔جاوید عباسی نے کہا کہ ملتان کے جلسے میں عوام کے سمندر نے اپنا راستہ خود بنایا، اسٹیڈیم میں جلسہ نہیں کرنے دیا تو پورے ملتان میں لوگ نکل آئے، اپوزیشن کے جلسوں کو بزور طاقت روکنے میں انہیں ناکامی ہوگی۔تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہا کہ آج اپوزیشن کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے، پی ڈی ایم کے گزشتہ جلسوں کو حکومت نے نہیں روکا تھا، پشاور میں اپوزیشن کے جلسے کے بعد کورونا کیسوں کی شرح 20فیصد بڑھ گئی، ملتان میں پہلے ہی کورونا مثبت کیسوں کی شرح 27فیصد تھی،حکومت نے ملتان میں لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔