• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن کلاسز، پرائمری بچوں کیلئے لیپ ٹاپ کا حصول مشکل

اسلام آباد (ناصر چشتی/خصوصی نمائندہ)کورونا کی وجہ سے سکولوں کی بندش اورآن لائن کلاسز نے والدین اور اساتذہ کو شدید مشکلات میں ڈال دیا۔ بعض نجی اداروں نے آن لائن کلاسز کا اجراء کر دیا مگر والدین نے بتایا کہ سکولوں کی انتظامیہ نے آن لائن اور زوم کلاسز کے احکامات جاری دیئے ہیں ہم کس طرح پرائمری کے بچوں کو لیپ ٹاپ لے کر دیں جبکہ اس کیلئے والدین کو پہلے خود تربیت لینا ہوگی ۔والدین نے بتایا کہ آن لائن کلاسز کا اجراءنے نئی مشکلات کھڑی کر دی ہیں ۔ ایک شہری نے بتایا کہ میرے تین بچے ایک سکول میں پڑھتے ہیں اور ایک ہی وقت میں ان کی آن لائن کلاسز کیسے ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر پرائمری کے بچوں کو نہ تو موبائل لے کر دے سکتے ہیں اور نہ ہی لیپ ٹاپ ہر بچے کو لے کر دے سکتے ہیں۔ پہلے موبائل پر صرف لیکچر بھیجتے تھے اب زوم کلاسز سے خصوصاً چھوٹے بچوں کو صحیح معنوں میں تعلیم نہیں دی جاسکتی جبکہ دوسری طرف اکثر اساتذہ بھی اس جدید ٹیکنالوجی سے آشنا نہیں مگر نوکری بچانے کیلئے لیپ ٹاپ خریدنے پڑ رہے ہیں اور احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کا مستقبل بھی خطرے میں نظر آرہاہے۔ والدین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ آن لائن کلاسز کا آسان طریقہ تلاش کیا جائے جس سے خصوصاً چھوٹے بچے تعلیم سے استفادہ کرسکیں اور والدین بھی پریشان نہ ہوں ۔ سکول انتظامیہ کو بھی چاہئے کہ ایسا طریقہ اختیار کرے جس سے بچوں، والدین اور اساتذہ پر بھی بوجھ نہ پڑے۔
تازہ ترین