• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیروز خان اور علیزے کی علیحدگی کی وجہ ہانیہ عامر ہیں؟

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں برس مارچ میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی کا اعلان کرنے والے فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اداکار فیروز خان اور علیزے سلطان کی طلاق کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کچھ خبریں گردش کر رہیں، لوگوں کا ماننا ہے کہ دونوں میں علیحدگی کی وجہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ ہانیہ عامر ہیں۔

تاہم اس حوالے سے کچھ حقائق نہیں، لیکن سوشل میڈیا صارفین نے کچھ ایسی کڑیاں جوڑ کے یہ بات سامنے رکھی ہے کہ دونوں میں علیحدگی کی وجہ ہانیہ عامر ہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ایسی خبروں میں بعض سوشل میڈیا پیجز نے فیروز خان کو بھی اپنی ٹوئٹس اور پوسٹس میں مینشن کر رکھا ہے، تاہم اس کے باوجود انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی غیر مصدقہ پوسٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دونوں نے شادی کے دو سال بعد علیحدگی اختیار کرلی۔فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں ایک ایسے وقت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جب کہ ایک ہفتہ قبل ہی معروف اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار فرحان سعید کی علیحدگی کی خبریں بھی وائرل ہوئی تھی۔

فرحان سعید اور عروہ حسین کی طلاق کی خبریں وائرل ہونے کے بعد اداکارہ کے والد نے خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

تاہم فیروز خان اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی و طلاق کی افواہوں پر تاحال کسی نے وضاحت جاری نہیں کی۔فیروز خان نے مارچ 2018 میں علیزے سلطان نامی لڑکی سے شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں مئی2019میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔ 

فیروز خان نے شادی کے دو سال بعد رواں برس مارچ میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا اور اب ان کی طلاق کی خبریں وائرل ہوئی ہیں۔

تازہ ترین