کراچی (ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر )کراچی پولیس اور سول انٹیلی جنس ادارے کا شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ ، سول انٹیلی جنس ادارے نے شہر بھر میں موجود منشیات کے بڑے مگرمچھوں کی فہرست تیار کرلی۔ فہرست ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت تمام ڈی آئی جیز کو جاری کی گئی ہیں۔ فہرست میں شہر بھر میں منشیات فروشوں کے 26 گروپوں کی نشاندہی ہوئی ہےجن میں خواتین سمیت 134منشیات فروش شامل ہیں، رپورٹ میں ملزمان کی منشیات فروشی کے علاقے بھی بتائے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق منشیات فروشی میں ملوث چند گروہوں کا تعلق پشاور، کوئٹہ اور اندرون سندھ سے بھی ہے، ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام ڈی آئی جیز کو فہرست کے مطابق ایکشن لینے کی ہدایت کردی، کراچی پولیس چیف نے احکامات دئیے ہیں کہ فہرست میں شامل تمام افراد کو 8 روز کے اندر گرفتار کیا جائے اور تمام ڈی آئی جیز ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے رپورٹ کریں۔