• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترک قونصل جنرل بارسلونا کا پاکستانی قونصل خانے کا دورہ

ترکی کی قونصل جنرل”سیلین ایوٹک“ نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کا دورہ کیا، جہاں اُن کا استقبال قونصل جنرل عمران علی چوہدری اور دوسرے عملے نے کیا۔ 

ترکش قونصل جنرل ایک گھنٹہ پاکستانی قونصل خانہ میں رہیں جہاں انہوں نے قونصلیٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی کی سہولیات کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان قونصل خانہ میں آ کر ایسا لگا ہے کہ جیسے وہ اپنے گھر میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام ایک دوسرے سے والہانہ محبت کرتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے نزدیکی اور ثقافتی تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستانیوں کا اور پاکستان ترکش قوم کا دوسرا گھر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھانے اور موسیقی انہیں بہت پسند ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ ایشیائی ممالک کے تعلقات اور وہاں کے رہن سہن کو اچھے طریقے سے سمجھتی ہیں، اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے بین الاقوامی اور علاقائی تعلقات پر خوشگوار ماحول میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ترک قونصل جنرل کو قونصل خانہ میں ہیپاٹائٹس کے مفت ٹیسٹ، تشخیص اور ریسرچ کے بارے میں بتایا گیا کہ مقامی اسپتال کا عملہ طاہر رفیع کی قیادت میں ہفتہ وار یہاں ایک کیمپ لگاتا ہے جس کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کو بیماریوں کی تشخیص اور اُن کے بر وقت علاج کے حوالے سے بریفننگ دینا ہے۔


اسی طرح قونصل خانہ میں کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے کمیونٹی کو دی جانے والی سہولتوں اور آگہی پروگرام کے بارے میں بتایا گیا جس پر ترک مہمان نے کہا کہ یہ انکے لئے حیران کن اور خوشی کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتی کہ کوئی قونصل خانہ یا سفارت خانہ اپنی کمیونٹی کی مدد میں اس حد تک آگے جا سکتا ہے، ترک مہمان نے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کو ترکش قونصل خانہ کے دورہ کی دعوت دی، جو قبول کر لی گئی۔

پاکستانی روایات اور خیر سگالی کے جذبے کو مد نظر رکھتے ہوئے عمران علی چوہدری نے ترک قونصل جنرل کو سندھی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔

تازہ ترین