• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خصوصی اہلیت کے حامل افراد بھی ہر قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی اہلیت کے حامل افراد سے متعلق کہنا ہے کہ خصوصی اہلیت کے حامل افراد بھی ہر قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری  نے خصوصی اہلیت کے حامل افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے  پیغام میں کہا ہے کہ  خصوصی اہلیت کے حامل افراد کے لیے مختص کوٹہ پر عملدرآمد میں سندھ سب سے آگے ہے، خصوصی اہلیت کے حامل افراد بھی ہر قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں، ان افراد کو مواقع دینے کی ضرورت ہے تا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے کی بہبود میں اپنا حصہ بھرپور انداز میں مِلا سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  پی پی پی حکومتوں نے سرکاری محکموں میں ملازمت کے لیے خصوصی اہلیت کے حامل افراد کے لیے 5 فیصد کوٹہ متعارف کرایا ہے،  نہ صرف کوٹہ مختص کیا بلکہ اس پر عمل درآمد بھی کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  خصوصی اہلیت کے حامل افراد کے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشنز پر عمل درآمد کے تمام اسٹینڈرز پر بھی سندھ آگے ہے،  سندھ اسمبلی نے سال 2017ء  میں سندھ ڈفرنٹلی ائبلڈ پرسنس ایکٹ-2014 منظور کیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مذکورہ بل میں مزید ترامیم بھی کیں تاکہ خصوصی اہلیت کے حامل افراد کو درپیش مشکلات کا زیادہ سے زیادہ ازالہ کیا جاسکے،  مذکورہ بل کے تحت خصوصی افراد کو خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد بھی قرار دیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  پیپلز پارٹی خصوصی اہلیت کے حامل افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اقدام کرے گی تا کہ معاشرہ بھی خصوصی اہلیت کے حامل افراد کی خصوصی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکے۔

تازہ ترین