• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ حکام سے رابطے،ابھی دورہ کو خطرہ نہیں، وسیم خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ فی الحال نیوزی لینڈ کے دورے کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے لیکن صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چار روزہ میچ اس لئے منسوخ کیا گیا ہے کہ کھلاڑی قرنطینہ میں ہیں اور جب وہ باہر آئیں گے تو ان کے لیے بغیر پریکٹس کر یہ میچ کھیلنا آسان نہ ہو گا۔ ٹیم کی نیوزی لینڈ روانگی سے قبل تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ ا سٹاف کے ٹیسٹ بڑی لیبارٹری سے کروائے گئے تھے ، نتائج کے بارے میں شک و شبہے کی قطعاً گنجائش نہیں۔ وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹروں سے مستقل رابطہ ہے، کھلاڑیوں کا صرف یہی کہنا ہے کہ وہ ٹریننگ چاہتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں وہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے حکام سے بھی رابطے میں ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہونے اور مطلوبہ نتائج کے بعد جمعے سے ٹریننگ کی اجازت مل جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چند کھلاڑی یہاں قائد اعظم ٹرافی کھیلنے کے دورانبخار میں مبتلا تھے۔ اسے موسمی بخار سمجھا گیا تھا تاہم ٹیم کی روانگی سے قبل ان تمام کھلاڑیوں کے کووڈ ٹیسٹ منفی آئے تھے۔ سندھ کی ٹیم میں اسسٹنٹ کوچ اقبال امام ،انالسٹ عاصم اور ایک کھلاڑی عمر کورونا میں مبتلا ہوکر اب صحت یاب ہوگئے ہیں۔ اسی دوران سرفراز احمد، دانش عزیز، اسد شفیق اور محمد عباس بھی بخار میں مبتلا ہوئے تھے۔ ان کے ٹیسٹ منفی آئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ طویل سفر کی وجہ سے ممکن ہے کہ کھلاڑی ایکسپوز ہوئے ہوں لیکن یہ بات درست نہیں ہے کہ نیوزی لینڈ میں کھلاڑیوں کی جانب سے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی وجہ سے انھیں کورونا ہوا ہے۔

تازہ ترین