• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، رانا بشارت

لندن ( پ ر)انسانی حقوق کے عالمی مبصر رانا بشارت علی خاں نے 2دسمبر یوم فلسطین کے موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ورکرز کنونشن کراچی میں ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عالمی امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے،واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے تحت ہر سال فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کے لیےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 2 دسمبر 1977 کو ایک قرارداد منظور کی گئی تھی اور تب سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ رانا بشارت علی خاں نے اسرائیلی وزیر اعظم کی مضحکہ خیز کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو اپنے جنگی جرائم کو چھپانے کیلئے عالمی رائے عامہ کو منحرف کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ رانا بشارت علی خاں نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم فلسطینی بچوں کے قاتل ہیں اور وہ جھوٹ بولنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے پاس سینکڑوں ایٹمی ہتھیار موجود ہیں جو علاقائی اور عالمی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر متبنہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی فلسطینی سرزمین پرتعمیرات اور توسیع پسندانہ عزائم عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جس سے حالات مزید کشیدہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے پر تعمیرات اور یہودی آبادکاری گزشتہ چار برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جس سے مذاکرات کے ذریعہ تنازع کےحل کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں جب کہ کورونا وبا نے پہلے ہی صورتحال کوخراب کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کے منافی ہیں۔
تازہ ترین