لاہور(نمائندہ جنگ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہےکہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ، اسمبلیوں سے استعفے سمیت دیگر آپشنز استعمال کر سکتے ہیں،عوام ووٹ تو نواز شریف کو دیں اور حکومت عمران کرے یہ کیسے ممکن ہے۔ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ سے ثابت ہوگیا کہ لاہور کا جلسہ کامیاب ہوگا۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت گرفتاریوں سے باز نہیں آئے گی پی ڈی ایم کا مشن عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے۔بیگم شمیم اختر کے انتقال پر شریف خاندان سے تعزیت کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے اظہار تعزیت کیا گیا جن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی،محسن داوڑ، جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق سمیت دیگر شامل تھے۔اس موقعہ پر شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو دوران حکومت کے خلاف لانگ کارچ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں سمیت تمام آپشنز استعمال کر سکتے ہیں۔آئندہ کا لائحہ عمل کے لیے آئندہ ہفتے پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا۔کارکنان کی گرفتاریاں 13 دسمبر کے جلسے کی کامیابی کا اعلان ہیں۔حکومت کی بوکھلاہٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ لاہور کا جلسہ کامیاب ہوگا۔