• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس فائز صدارتی ریفرنس کیس فیصلہ کیخلاف نظر ثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

جسٹس فائزصدارتی ریفرنس کیس فیصلہ کیخلاف نظر ثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر 


اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کیخلاف صدارتی ریفرنس سے متعلق مقدمہ کے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی کی درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہیں ،دوسری جانب درخواست گزار ،جسٹس قاضی فائز عیسی نظرثانی کی درخواست میں دائر ایک نئی متفرق درخواست کے ذریعے اس مقدمہ کی تمام تر عدالتی کارروائی کو براہ راست ٹیلی ویژن چینلوں پر نشر کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے سپریم کورٹ کی کاز لسٹ کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منظور احمد ملک ،جسٹس مظہر عالم میاں خیل ،جسٹس سجاد علی شاہ ،جسٹس منیب اختر اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پرمشتمل6رکنی لارجر بنچ منگل 8دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا ، جمعہ کے روز دائر کی گئی 31صفحات پر مشتمل متفرق درخواست میں جسٹس قاضی فائز عیسی نے نظرثانی درخواستوں کی سماعت کیلئے قائم کردہ بنچ پر بھی اعتراضات اٹھاتے ہوئے جسٹس مقبول باقر، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس یحیی آفریدی کو بھی نظرثانی بنچ کا حصہ بنانے کی استدعا کی ہے ،درخواست گزار نے مزید کہا ہے کہ سرکاری عہدہ داروں نے میرے اور اہل خانہ کیخلاف منفی پراپیگنڈہ مہم چلائی ہے ، وزیر قانون فروغ نسیم اور شہزاد اکبر نے ایف بی آر سے غیر قانونی طریقے سے میرے اور اہل خانہ کے اثاثوں کی تفصیل تک رسائی حاصل کی ہے، وفاقی کابینہ میں موجود ارکان کی بھی بیرون ملک جائیدادیں ہیں لیکن مجھے یہ علم نہیں ہے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے بیرون ملک جائیدادیں رکھنے والوں نے انھیں ظاہر کیا ہے یا نہیں؟ شہزاد اکبر کی بھی بیرون ملک میں جائیدادیں ہیں، فیض آباد دھرناکیس کا فیصلہ دینے پر مجھے نشانہ بنایا گیا ہے ،انہوں نے فیصلے کا پیراگراف7 ہذف کرنے کی استدعا کی ہے ، یا د رہے کہ 10 رکنی فل کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست گزار جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، ان کی اہلیہ سیرینا عیسیٰ ، پاکستان بار کونسل ،سپریم کورٹ بار ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس سمیت 18فریقین نے نظر ثانی درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔

تازہ ترین