ذوالقرنین سکندر ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالوورز رکھنے والے پہلے پاکستانی ٹک ٹاک ہیرو بن گئے۔
پاکستان کے شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے نامور ٹک ٹاک ہیرو ذوالقرنین سکندر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ایک کروڑ فالوورز مکمل ہونے کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ ہی پاکستانی لڑکوں کی فہرست میں پہلے ٹک ٹاکر بن گئے ہیں جنہیں ٹک ٹاک پر ایک کروڑ صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔
اس سے قبل یہ اعزاز صرف دو پاکستانی ٹک ٹاک ماڈل کے پاس تھا جن میں جنت مرزا اور کنول آفتاب شامل ہیں۔
ذوالقرنین سکندر کے اس سنگ میل عبور کرنے پر اُن کی دوست اور ٹک ٹاک اسٹار کنول آفتاب نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹک ٹاک پر ذوالقرنین سکندر کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
کنول آفتاب نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’میں ٹک ٹاک پر آپ کے 10ملین فالوورز ہونے پر بہت خوش ہوں، انشاءاللّہ آپ کو مزید کامیابیاں بھی ملیں گی۔‘
ذوالقرنین سکندر کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کا جائزہ لیں تو اُنہوں نے اب تک متعدد ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں جن پر کروڑوں میں لائکس آئے ہیں۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے ذوالقرنین سکندر ناصرف ایک ٹک ٹاک اسٹار ہیں بلکہ حال ہی میں اُن کا پہلا ڈرامہ بھی آیا ہے جو ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔
واضح رہےکہ پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا ہیں جنہیں اس وقت ٹک ٹاک پر 11 اعشاریہ 5 ملین صارفین نے فالو کیا ہوا ہے جبکہ اس فہرست میں کنول آفتاب دوسرے نمبر پر ہیں جن کے ٹک ٹاک پر 10ملین سے زائد فالوورز ہیں۔