ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جنوبی پنجاب میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 515 فوڈپوائنٹس کی چیکنگ کے دوران ملاوٹی، مضرصحت خوراک کی فروخت پر 8 فوڈ یونٹس سربمہر جبکہ 393کو بہتری کے لیے نوٹسز جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یارخان میں الحسیب کھویا یونٹ کو کھویا کی تیاری میں سٹارچ اور ویجیٹیبل فیٹ کی ملاوٹ کرنے پر سربمہر کیا گیا۔ دوران کاررائی 100 کلو کھویا اور 1 چلر برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ بہاولپور میں ظفر اقبال کریانہ سٹور کو گٹکا فروخت کرنے پر سیل کیا۔ مزید مظفرگڑھ میں وسیم رزاق کریانہ سٹور کو کھلے، ملاوٹی مصالحہ جات فروخت کرنے اور لیہ میں حسن میٹ شاپ کو پر سربمہر کردیا۔ دوران کارروائی کریانہ سٹورمیں سے 40 کلو سرخ مرچیں برآمد جبکہ 20کلو تلف کی گئیں۔ مزید برآں راجن پورمیں آکاش کریانہ سٹور کو ایکسپائرڈ بیوریجز، بسکٹس، گٹکا اور چائنہ سالٹ فروخت کرنے اور لیہ میں حسن میٹ شاپ کو لائسنس فیس کی عدم ادائیگی پر سیل کیا گیا۔علاوہ ازیں ملتان میں فوڈ فیسٹیول انڈس سٹی برانچ کو ایکسپائرڈ رنگ کااستعمال کرنے اور ٹوٹے فریزر میں خوراک سٹور کرنے پر 25 ہزار جبکہ رحیم یارخان میں کچن ایریا میں گندگی پائے جانے پر بلال کیفے کو 20ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔مجموعی طور پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 1420 لٹر ملاوٹی دودھ، 70کلو ملاوٹی مرچیں، 70لٹر ایکسپائرڈ مشروبات، 70 ساشے گٹکا تلف جبکہ 10 کلو کھویا، 40 کلو سرخ مرچیں اور 10 کلو گوشت برآمد کیاگیا۔