• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک دَور تھا، جب عید تہوار، شادی بیاہ کے علاوہ بدلتے موسموں میں بھی گھروں میں بطورِ خاص مٹھائیاں تیار کی جاتی تھیں،جنہیں پھر اڑوس پڑوس میں بہت طریقے سلیقے سے بانٹنے کا رواج بھی عام تھا۔ تو آئیے، آج پھر اس روایت کو زندہ کرتے ہیں۔اپنے ہاتھوں سے مٹھائی بنائیں اور اپنے دائیں، بائیں، آگے، پیچھے رہنے والے پڑسیوں کے گھروں میں بھیج کر پھیکے پھیکے تعلقات میں کچھ مٹھاس گھولنے کی کوشش کریں۔

امرتی

اجزاء:ماش کا آٹا (بنانے سے چار گھنٹے قبل بھگو دیں)آدھا کلو،چینی پانچ کپ،پانی تین کپ،لال رنگ چٹکی بَھر، ملک پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ اورگھی دو کپ۔

ترکیب:سب سے پہلے ماش کا آٹا گھول کر پیسٹ بنالیں۔ پھر ایک پتیلی میں پانی لے کر پہلے اس میں رنگ گھولیں اور چینی مِکس کرکے چولھے پر شیرہ بننے کے لیے رکھ دیں، جب شیرہ گاڑھا ہوجائے،تو چولھا بند کرکے باؤل میں نکال لیں۔ اب ایک رومال کے سائز کا چوکور کپڑا لے کر اس کے درمیان گول سوراخ کردیں۔ بعد ازاں، کڑاہی میں گھی گرم کریں اور کپڑے میں دال کا پیسٹ ڈال کر پوٹلی سی بنالیں اور ہاتھ سے پوٹلی زور سے دبا کر امرتی کے اسٹائل میں تلتی جائیں۔ جب ہلکا براؤن رنگ ہوجائے، تو گھی سے نکال کر شیرے میں ڈال دیں اور دو منٹ تک شیرے میں پڑے رہنے دیں۔ اس کے بعد نکال کر سرونگ ڈش میں سجا کر سَرو کریں۔

ناریل کی برفی

اجزاء: ناریل(کدّوکش کیا ہوا) ایک کلو، کھویا ڈیڑھ پاؤ، چینی ڈیڑھ کلو، پستہ(باریک کاٹ لیں) حسبِ ضرورت ،چاندی کے ورق حسبِ ضرورتاور گھی۔

ترکیب:ایک پین میں ناریل ڈال کر سُرخی مائل ہونے تک بھون لیں۔ پھر کھویا ڈال کر ذرا سا بھون کر چینی اور پانی ڈال کر پکنے دیں۔ جب چینی کا پانی خشک ہو جائے اور تمام اجزاء یک جان ہوجائیں، تو ڈش کی سطح گھی سے ہلکی سی چکنی کرکے اس پر آمیزہ پھیلا دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر برفی کی طرح کاٹ کے اوپر پستے کی ہوائیاں چِھڑک کر چاندی کے ورق سے سجا دیں۔

پیڑے

اجزاء:کھویا ایک کلو،چینی(پیس لیں)حسبِ منشاء، سبز الائچی(پیس لیں) دس عدد اور پستہ، بادام اور کاجو(باریک کاٹ لیں)حسبِ ضرورت۔

ترکیب:ایک پین میں کھویا، الائچی اور چینی ڈال کراچھی طرح بھون کے چولھا بند کردیں۔ جب تھوڑا ٹھنڈا ہوجائے، تو خشک میوہ جات مِکس کرکے پیڑے بنالیں۔ (ارم سکندر،کراچی)

تازہ ترین