خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال (کےٹی ایچ ) میں آکسیجن کی کمی سے اموات کے معاملے کی رپورٹ عام کرنے کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کےٹی ایچ کےبورڈآف گورنرزکی کمیٹی کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 3 رکنی انکوائری کمیٹی نے 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ مکمل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جاں بحق مریضوں کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، اس اندوہناک واقعہ سے تمام اسپتالوں کو سبق سیکھنا چاہیے۔
وزیر صحت نے کہا کہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ 5 دن میں آجائے گی، تفصیلی رپورٹ میں ذمہ داروں کا تعین اور ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش کاکہنا تھا کہ جاں بحق افراد کےخاندانوں کو10،10 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کامران بنگش نے بتایا کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال خود مختار ہے، بورڈ آف گورنر کے تحت کام کرتاہے۔
واضح رہے کہ پشاور کے خیبرٹیچنگ اسپتال میں گیس کی کمی کے باعث 7 مریضوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ سے متعلق اسپتال کے بورڈ آف گورنرز نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے، رپورٹ کی روشنی میں اسپتال ڈائریکٹر سمیت 6 ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔