• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میاں، بیوی کے اغواء میں ملوث دو ملزموں کو عمر قید

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر تین راولپنڈی کے جج راجہ پرویز اختر نے اغوا برائے تاوان کے الزام میں گرفتار دونوں ملزمان کو عمر قید دیدی۔ سزا پانے محمد جہانگیر اور شعیب رسول کیخلاف تھانہ ویسٹریج کی پولیس نے میاں بیوی کو تاوان کی خاطر اغوا کرنے سمیت دیگر الزامات کے تحت پانچ جون 2017کو مقدمہ درج کیا تھا، پولیس رپورٹ کے مطابق چیئرنگ کراس کا رہائشی خالد لطیف اپنی اہلیہ کے ہمراہ صبح ساڑھے آٹھ بجے مری جانے کیلئے جونہی گھر سے نکلا تو اے ایس آئی کی وردی پہنے محمد جہانگیر اور کانسٹیبل کی وردی پہنے شعیب رسول نے میاں بیوی کو انہی کی گاڑی میں اغوا کیا اور براستہ جی ٹی روڈ لاہور کی طرف روانہ ہوگئے ملزمان مندرہ ٹال پلازہ پہنچ کر میاں بیوی کو دوسری گاڑی میں منتقل کر رہے تھے کہ پولیس کو دیکھ کر خاتون نے شور مچانا شروع کر دیا جس پر ملزمان پہلے سے چھینے گئے زیورات، نقدی اور فون جن کی مالیت اٹھارہ لاکھ روپے بنتی تھی لیکر فرار ہوگئے، ملزمان پولیس کی وردیاں پہن کر کئی وارداتیں کر چکے تھے اور کیس میں پکڑے جانے پر جہانگیر نے اس واردات کا بھی انکشاف کیا ۔ جرم ثابت ہونے پر عدالت نے دونوں کو عمر قید، بددیانتی کر کے مال چھیننے کے جرم میں پانچ پانچ سال قید ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ اور خود کو ملازم ظاہر کرنے کے جرم میں دو دو سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔
تازہ ترین