کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے سبی شہر اور کوئٹہ میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک میٹ شاپ سیل جبکہ سات دیگر گوشت کی دکانوں پر جرمانے عائد کر دئیے۔ کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ میں قائم تین میٹ شاپس کے خلاف لوگوں کی جانب سے شکایت کی گئی تھی جس پر بی ایف اے حکام نے دکانوں کی انسپکشن کی تو بڑی مقدار میں باسی اور بدبودار گوشت برآمد ہونے ،دکانوں کے اندر و احاطے میں جانور ذبح کرنےاور بارہا منع کرنے کے باوجود دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے پر مذکورہ دکانوں کو جرمانہ کیا گیا۔دوسری جانب بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ایک اور ٹیم نےسبی کے مختلف علاقوں میں موجود مٹن ، بیف اور پولٹری شاپس کے معائنے کے دوران گوشت کی کٹائی کے لئے گندے اوزار استعمال کرنے، گوشت باہر لٹکانے ، دکانوں میں گندگی اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر چار پولٹری شاپس اور ایک میٹ شاپ پر جرمانے عائدکئے ۔قبل ازیں کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل شاہ اور ڈپٹی کمشنر یاسر خان بازئی سے بی ایف اے حکام نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز محمد فضل کی سربراہی میں ملاقات کی۔اس موقع پر کمشنر سید فیصل شاہ نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے جاری اقدامات کو سراہا،ملاقات کے دوران کمشنر نے سبی شہر میں قائم گوشت کی دکانوں کی طرف بی ایف اے حکام کی توجہ مبذول کرائی جس پر بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے سبی بازار میں مذکورہ بالا کارروائی کرتے ہوئے مٹن ، بیف اور پولٹری شاپس کا معائنہ کیا۔