• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزدار کے منہ بولے بھائی کے والد نون لیگی MPA مستعفی


پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے نون لیگ کے ایم پی اے چوہدری اقبال گجر نے بھی اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو جمع کروا دیا ہے۔

چوہدری اقبال گجر نون لیگ کے وہ خاص ایم پی اے ہیں جن کے صاحبزادے احسن جمیل گجر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے منہ بولے بھائی اور بہو خاتون اوّل کی بیسٹ فرینڈ ہیں۔

اقبال گجر نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ ملک مشکل حالات میں ہے، ضروریاتِ زندگی کی اشیاء غریب آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہیں، سلیکٹیڈ حکومت سے جان چھڑانے کے لیے اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔

موجودہ دورِ حکومت میں چوہدری اقبال گجر پر حکومتی نوازشات ایسی رہیں کہ کبھی ان کے پیٹرول اسٹیشن کو بچانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو تبدیل کرنے کے الزامات سامنے آئے اور کبھی پی ٹی آئی کے اپنے رہنما گوجرانوالہ سے اقبال گجر کا قبضہ چھڑانے کی فریاد کرتے دکھائی دیئے۔


حکومت کا دعویٰ ہے کہ نون لیگ کے اراکینِ اسمبلی کی ایک بڑی تعداد استعفوں پر اپنی قیادت کے ساتھ نہیں لیکن چوہدری اقبال گجر جیسے ایم پی اے کا استعفیٰ ایسے دعوؤں کی نفی کر رہا ہے۔

تازہ ترین