• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی :آگ لگنے کے 3 واقعات، ماں بیٹی جاں بحق


کراچی میں تین مختلف مقامات پر آگ لگنے کے واقعات میں2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

لانڈھی36بی میں مکان میں آگ لگنے سے ماں بیٹی جاں بحق، جبکہ باپ اور بیٹا زخمی ہوگئے، اہل محلہ کا کہنا ہے کہ آگ یو پی ایس سے بھڑکی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو زرائع کے مطابق زمان آباد میں مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، فائر برگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کام کا آغاز کیا۔

زرائع کے مطابق آگ کے باعث میاں بیوی اور ان کی بیٹا اور بیٹی جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئے جبکہ باپ اور بیٹا زخمی ہیں۔

جاں بحق ماں بیٹی کی شناخت 35سالہ ریما اور بچی 5سالہ ابریش کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی باپ بیٹا میں ناظم 40سالہ اور لڑکا ارحم 8سالہ شامل ہیں۔

اہل محلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ فیملی کرائے پر رہتی تھی ہم گلی میں موجود تھے جب ہلکی سی آواز آئی اور پھر گھر سے دھواں اٹھتا ہوا نظر آیا تو ہم گھر میں داخل ہوئے، گھر کے افراد آگ کے باعث جھلس گئے تھے، اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت فیملی کے افراد کو نکالا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ یوپی ایس سے بھڑکی اور پھر پورے گھر میں پھیل گئی، جائے وقوعہ پر موجود پولیس نے بھی شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

پرانا گولیمار کے علاقے میں ویلڈنگ کی دکان میں آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت زیادہ تھی جس کی وجہ سے بلند شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے۔

فائر بریگیڈ کے ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے آگ بجھادی گئی، تاہم دکان بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کلفٹن بلاک 1 کے ایک رہائشی فلیٹ میں آتشزدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فائر بریگیڈ کے مطابق آگ پر ایک فائر ٹینڈر کی مدد سے قابو پالیا گیا، آگ اپارٹمنٹ کے کچن میں لگی تھی، آگ کے باعث کچن کا سامان جل گیا۔

ریسکیو زرائع کاکہنا ہے کہ فائر فائٹرز نے آگ سے مزید کمروں کو متاثر ہونے سے بچالیا، خوش قسمتی سے آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تازہ ترین