مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کرتے ہوئے کورونا وائرس کے حوالے اگلے 4 تا 6 ماہ کو انتہائی بدتر قرار دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں بل گیٹس نے کہا کہ اگلے 4 تا 6 ماہ وبائی بیماری کے حوالے سے انتہائی خراب ترین ہوسکتے ہیں۔
ان کی فاؤنڈیشن کورونا ویکسین کی تیاری اور عوام تک رسائی کے لیے سرگرم ہے، مائیکرو سافٹ کے بانی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آنے والا وقت کورونا وائرس کا سب سے خراب دورانیہ ہوگا۔
انہوں نے انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلویشن (آئی ایچ ایم ای) کی رپورٹ، جس میں مزید 2 لاکھ سے زائد اموات کی پیشگوئی کی گئی، کو بطور حوالہ پیش کیا۔
بل گیٹس نے دوران گفتگو کہا کہ اگر ہم ماسک پہننے اور میل ملاپ سے متعلق شرائط پر عمل پیرا ہوں تو ہم اموات کی شرح کو کافی حد تک کم کرسکتے ہیں۔
امریکا جہاں حالیہ ہفتوں میں کورونا وائرس سے متاثرین اور اموات کی شرح میں بلند تریں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، پر بل گیٹس نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ امریکا اس سے نمٹنے کے لیے ایک بہتر کام کرے گا۔
واضح رہے کہ بل گیٹس 2015ء میں پیشگوئی کے دوران دنیا کو عالمی وبا سے خبردار کرچکے تھے، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر جب میں نے 2015ء میں پیش گوئی کی تو امکانی طور پر اموات زیادہ ہونے کی بات کی تھی، لیکن صورتحال اتنی بدتر نہیں ہوئی۔