کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر میر غلام نبی مری نے حکومت کی جانب سے گوادر میں باڑ لگانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور مقتدر قوتیں روز اول سے ہی بلوچستان کے لوگوں کا استحصال کرتے ہوئے ان کے وسائل کو لوٹنے کے لئے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے آ رہے ہیں جس کی بلوچستان کے غیور عوام اور سیاسی اور وطن دوست رہنماء کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گے اور اس مسئلے کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر متفقہ طور پر جدوجہد کی جائے گی یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بلوچستان کے وسائل کو لوٹنے کے لئے جو وطیرہ اپنایا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی حکمرانوں نے سابقہ روش کو برقرار رکھتے ہوئے گوادر کو سی پیک کے نام پر ترقی دینے کی غرض سے علاقے کے لوگوں کو محدود کرنے کے لئے باڑ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کا مقصد گوادر کے مقامی باشندوں کو گوادر کی ترقی اور اس کے ثمرات سے محروم رکھ کر وسائل پر اپنے تسلط کو مضبوط بنانا ہے ۔ بی این پی بلوچستان کی تعمیر و ترقی کی مخالف نہیں لیکن ایسی ترقی ہمیں قبول نہیں کہ جس کی آڑ میں بلوچستان کے قدرتی وسائل علاقوں پر قبضہ کرکے مقامی آبادی کو اس سے محروم رکھا جاسکے اس کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتے ہوئے دیگر سیاسی جماعتوں قائدین اور عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے تاکہ اپنے حقوق کے حصول اور وسائل پر دسترس برقرار رکھ سکیں ۔