• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ڈاکووں نے ATM مشین اُکھاڑ پھینکی، 18 لاکھ لوٹ کر فرار

کراچی سینٹرل کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں شاہراہ پاکستان پر واقع گلبرگ کے ایک نجی بینک میں واردات کرنے والے ملزمان نے اے ٹی ایم مشین ہی اُکھاڑ پھینکی اور واردات کے دوران کیش ٹرے ہی ساتھ لے گئے پولیس کے مطابق 18 لاکھ روپے سے زائد لوٹے گئے۔

ڈی ایس پی ایڈمن ویسٹ زون ناصر بخاری کے مطابق واردات صبح ساڑھے چار سے پانچ بجے کے درمیان ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی صحیح تعداد کا علم نہیں ہوسکا جس کے لیے بینک انتظامیہ کی جانب سے اے ٹی ایم مشین اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی فراہمی کا انتظار ہے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان اے ٹی ایم مشین میں داخل ہوئے جنہوں نے ٹیکنیکل واردات کے لیے 5 سے 6 منٹ تک لگائےاور اے ٹی ایم مشین اُکھاڑ دی اور مشین کی دو کیش ٹرے لوٹ کر فرار ہوئے۔ ملزم نے تیسری ٹرے کھولی، جس میں 5 ہزار کی رقم دیکھ کر ٹرے وہیں چھوڑ دی۔

بینک انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز بینک کی کلوزنگ کے وقت 18 لاکھ روپے سے زائد رقم ڈالی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسی کے تحت بینکوں میں رات کو سیکورٹی گارڈز نہیں ہوتے جس بنیاد پر ملزمان کو اے ٹی ایم کی واردات کرنے کا موقع ملا۔

پولیس کے مطابق اس امر کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ مشین سے چھیڑ چھاڑ یا اُکھاڑنے کے دوران کوئی الارم کیوں نہیں بجا۔

تازہ ترین