• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاون خصوصی برائے اقلیتی امورکا اپر چترال کا مختصر دورہ

پشاور(نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر پیر کے روز اپر چترال کا دورہ کیا ہے، جہاں پر انہوں نے علاقے کے عمائدین کے ساتھ استاروں کے مقام پر عارضی اسٹیل پل کی تنصیب کا جائز ہ لیاہے۔ پل کی تنصیب پر ایک طرف ابٹمنٹ کی تکمیل میں کم از کم دو مہینے وقت لگے گا۔ عوام کے مشکلات کے پیش نظر موقع پر موجود عمائیدین کے مشورے اور مطالبے پر معاون خصوصی نے متبادل سڑک کی توسیع کافیصلہ کیا جس سے عوام کو آمدورفت میں آسانی کیساتھ پل کی تنصیب میں بھی آسانی ہوگی۔ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل علی ظفر اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بھی اس موقع موجود تھے۔سڑک کی توسیع کے لئے درکار زمین کے لئے انہوں نے مولانا ہدایت کے ساتھ اپنی صوابدیدی فنڈ سے چھ لاکھ روپے کی فراہمی کا بھی موقع پر اعلان کیا۔ ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو نے پل کے مجوزہ سائٹ میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس مقام پر تورکھو روڈ کی پختگی اور کشادگی کے منصوبے کے حصے کے طور پر آرسی سی پل کا تقریباً 60فیصد مکمل ہوچکا ہے جوکہ جون کے اواخر تک مکمل ہوجائے گا جبکہ موجودہ وقت میں عارضی پل کی تنصیب کے لئے دائیں کنارے پر ابٹمنٹ کی تیاری میں دو ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر زادہ نے کہاکہ پاک آرمی کے تعاون سے عارضی اسٹیل پل کسی بھی وقت تنصیب کے لئے تیار ہے جوکہ تورکھو کے عوام کا مطالبہ تھا مگر تکنیکی طور پر اس وقت ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کو درپیش مسئلے کی حساسیت کے پیش نظر وہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر تورکھو کے عوام کی خدمت میں حاضر ہوئے ہیں۔ انہوں نے تورکھو کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے گزشتہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ سے نوازا اور گزشتہ دنوں ان کی یقین دہانی پر لانگ مارچ موخر کیا۔ وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس علاقے کی ترقی کی طرف بھر پور توجہ دی ہے اور اس سال صرف ایک ہائیر سیکنڈری سکول کا اپنا کوٹہ تورکھو کے کھوت گاؤں میں رکھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محمود خان چترال کی ترقی کے بارے میں نہایت مخلص ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپوزیشن میں ہونے کے باوجود مولانا ہدایت الرحمن کو اس سال 13کروڑ 50لاکھ روپے کا ترقیاتی فنڈ اور چھ نئے سکول دے دئیے ہیں تاکہ ضلع چترال کی محرمیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے
تازہ ترین