اسلام آباد (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر ترقی‘ منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سٹرٹیجک فریم ورک 2025کی تیاری کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فریم ورک دنیا بھر میں اعلیٰ تعلیم کے بدلتے ہوئے رجحانات سے ملک کی اعلیٰ تعلیم کو مطابقت کرنے کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا یہ فریم ورک مستقبل کے لئے اعلیٰ تعلیم کے لئے سمت اور منزل کا تعین کرے گا۔ یہ اعلیٰ تعلیم کے لئے پانچ سالہ تعلیمی منصوبے اور قلیل المدتی منصوبوں کے لئے رہنمائی کرے گا۔ موجودہ حکومت نے ڈھائی سال میں اعلیٰ تعلیم کا بجٹ دوگنا کر دیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے ہدایات جاری کیں کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اپنی پراجیکٹ مینجمنٹ صلاحیتوں کو بہتر بنا کر تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کمیشن بنگلوں میں قائم جامعات میں سہولیات کے فقدان کا نوٹس لے۔ دریں اثناء پاکستان میں فرانس کی سفیر مارٹینی ڈورنس نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دونوں کے درمیان مختلف شعبوں خاص کر اعلیٰ تعلیم میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔