• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس موسم سرما ’مولی‘ کھانا نہ بھولیں

موسم سرما کی خاص سبزی ’مولی‘ جو شاید آپ کی پسندیدہ سبزیوں کی فہرست میں سرفہرست نہ ہوں لیکن جب غذائیت اور صحت سے متعلق فوائد کی بات آتی ہے تو مولی یقینی طور پر دوسری سبزیوں میں اول درجہ رکھتی ہے۔ 

 مولی دراصل ہمارے جگر اور پیٹ کو صاف کرنے میں مدد دیتی ہے، یرقان کے علاج کے لیے کالی مولی اور اس کے پتے طویل عرصے تک استعمال ہوتے رہے ہیں کیونکہ اس سے زیادہ بلیروبن سے نجات مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مولی ہمارے خون کو صاف کرنے میں بھی مدد کرتی ہے۔ 

مولی کو کچا بھی کھایا جاسکتا ہے اور مختلف پکوان کی صورت میں پکا کر بھی اپنی غذا میں شامل کیا جاسکتا ہے، غذائیت سے بھری مولی کے لیے بہت سے حیرت انگیز فوائد ہیں اور یہاں آپ کے سامنے مولی کے چند فوائد ایسے ہیں جن کو جان کر آپ حیران ہوجائیں گے۔

مولی کے کرشماتی فوائد:

بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتی ہے: 

مولی آپ کے جسم کو پوٹاشیم مہیا کرتی ہے جس سے آپ کے بلڈ پریشر کو کم کرنے اور آپ کے خون کے بہاؤ کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد مل سکتی ہے،  اس کے علاوہ کچھ مطالعات کے مطابق یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ مولی کا خون پر ٹھنڈا اثر پڑتا ہے۔

کھانسی اور نزلہ سے لڑتی ہے:

اگرچہ موسم سرما میں ہونے والے نزلہ زکام کا کوئی علاج نہیں ہے لیکن مولی وہ واحد سبزی ہے جو ان بیماریوں سے لڑنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔ اس  میں اینٹی کونجسیٹو خصوصیات ہیں جو آپ کے گلے اور سانس کی نالی سے بلغم کو صاف کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ 

قوت مدافعت بڑھاتی ہے:

وٹامن اے، سی، ای، بی 6، پوٹاشیم اور دیگر معدنیات سے بھرپور مولی سے آپ کے پورے جسم کو قوت مدافعت مل سکتی ہے۔ مولی میں اینٹی آکسیڈینٹ اور انتھوکیانن بھی زیادہ ہے ، جس کا مطلب ہے کہ یہ آپ کے دل کے لیے بھی کافی اچھی ہے۔ 

جِلد کے لیے مفید:

مولیوں میں موجود تمام وٹامنز کے علاوہ ان میں فاسفورس اور زنک بھی ہوتا ہے اور یہ جب مل جاتے ہیں تو آپ کی جِلد سے کیل، مہاسے اور خشکی جیسے مسائل کا خاتمہ کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ 

جسم کو ہائیڈریٹ رکھتی ہے:

 مولیوں میں بھی پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ جسم کو قدرتی طور پر ہائیڈریٹ رکھتی ہیں۔ 

تازہ ترین