ملتان(نمائندگان)لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 3 بھائیوں سمیت 9افرادجاں بحق جبکہ درجنوں ہسپتال داخل ہوگئےجن میں سے10کی حالت تشویشناک ہے ، جنازےاٹھنےپرعلاقےمیں کہرام مچ گیا۔تفصیل کے مطابق ضلع لیہ کی تحصیل کروڑلعل عیسن میں چک نمبر 105 ٹی ڈی اے کے رہائشی خاندان کے عمر حیات نامی شخص کے ہاں پوتے کی پیدائش پر قریبی کاروباری اڈے 111 موڑ کی سویٹ شاپ سے منگوائی گئی مٹھائی کھانے سے3سگےبھائی 22 سالہ عرفان، 18 سالہ محمد رمضان اور 10 سالہ محمد شہباز جاں بحق ہو گئے جبکہ اسی گاؤں کے 4 سالہ حسیب ولد ارشاد ،5سالہ بلال ولد نذیر جٹ،45سالہ محمد بشیر جٹ ،9سالہ ثمرین دختر بشیر جٹ بھی جاں بحق ہو گئے،45 افراد کی حالت غیر اور10کی حالت تشویشناک ہےجو لیہ کی مختلف ہسپتالوں سمیت نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج ہیں۔ دیگر دو جاں بحق افراد عبدالغفوراور امیر محمد کاتعلق چک نمبر 109 /TDAسے ہے ،مرحومین کو نماز جنازہ کے بعد ان کے آبائی گاؤں میں سپر د خاک کر دیا گیا ۔متاثرین 30سالہ محمد امین ولد سلام دین ،عمر حیات اور اس کی اہلیہ ،عدنا ن ولد صدیق ،گندم کی کٹائی پر آئے مزدور،انور کاٹن فیکٹری کروڑ روڈ کے ملازمین اکبر علی ،محمد اقبال بھی زہریلی مٹھائی سے بیہوش ہو گئے جو نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج ہیں،جبکہ بیہوش ہونے والےبہن بھائی18سالہ ارشاد اور 8سالہ فرزانہ کی حالت بہتر ہونے پر ڈسٹرکٹ ہسپتال لیہ سے گھر بھیج دیاگیا،ینگ ڈاکٹر وں کی ہڑتال کے باعث ایمرجنسی میں لائے گئے زہریلی مٹھائی سےمتاثرہ افراد کے علا ج میں مشکلات پیش رہیں جبکہ ایم ایس اور سینئرز ڈاکٹروں نے ایمرجنسی میں ڈیوٹی دی ۔ ڈسٹرکٹ فو ڈ انسپکٹر حنیف محسن کی درخواست پر تھانہ فتح پور میں ایف آئی آردرج کر کے دکان مالک طارق محمو داورخالد محمود کو گرفتار کر لیاجبکہ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر امیر عبداللہ کی سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیم نے فوڈ انسپکٹر ہمراہ مٹھائی کی دکان پرچھاپہ مارکراسےسیل کردیا اور مٹھائی کے نمونہ جات تجزئیےکے لئےلیبارٹری بھجوادئیے۔مٹھائی سے ہلاک ہونے والے افراد کے گھر ہلاکت کی خبر پہنچنے پر کہرام مچ گیا،نماز جنازہ میں سیاسی او رسماجی کارکنوں کے علا وہ علاقہ بھر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ انسداد ملاوٹ مہم میں غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ کرنے پر انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے۔