موسم کے بدلتے ہی بہت سی بیماریاں ہر گھر میں ڈیرہ جما لیتی ہیں جن سے بچنا مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے، یہ بیماریاں کمزور قوت مدافعت رکھنے والے افراد کو زیادہ متاثر کرتی ہیں جن کا علاج قدرتی غذا لیموں سے کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق وٹامن سی سے بھر پور لیموں متعدد بیماریوں سے نجات کے لیے مدد گار ثابت ہوتا ہے، لیموں موسمی بیماریوں سے بچانے کے ساتھ قوت مدافعت بھی مظبوط کرتا ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے حاملہ خواتین، صحت مند وزن بر قرار رکھنے، وزن میں کمی، چست و توانا، جسم سے مضر صحت مادوں کے اخراج، گردوں سے پتھری کے خاتمے، صاف شفاف جِلد سمیت صحت سے متعلق متعدد فوائد حاصل کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر لیموں پانی کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔
موسم سرما کی سختیوں سے بچنے کے لیے اور نزلہ، زکام ، کھانسی اور ناک بہنے جیسی چھوٹی موٹی بیماریوں سے نجات کے لیے قدرت نے شہد میں بھی شفا کا خزانہ چھپا رکھا ہے، شہد کے ساتھ اگر لیموں بھی ملا لیا جائے تو اس سے حیرت انگیز فوائد حاصل ہوتے ہیں، لیموں پانی اور شہد کا استعمال کھانسی اور گلے کی سوزش میں آرام پہنچاتا ہے۔
نزلہ زکام میں لیموں کا استعمال کا طریقہ:
لیموں خشک کھانسی اور گلے کی سوزش میں بہت مفید ہے، لیموں میں پایا جانے والا وٹامن سی قوت مدافعت میں اضافے کا باعث بنتا ہے اور نزلہ ، زکام اور کھانسی جیسی بیماریوں سے بچنے کے لیے صلاحیت پیدا کرتا ہے۔
چار لیموں کا رس نکالیں اور چھلکوں کو ایک برتن میں ڈال دیں، ایک کھانے کا چمچ ادرک لے کر اسے بھی اس برتن میں ڈال دیں، اب اس برتن میں اُبلتا ہوا پانی ڈالیں یہاں تک کہ یہ ساری چیزیں پانی میں بھیگ جائیں، برتن کو ڈھک کر دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں ۔
اب اسے چھان کر ایک کپ الگ کر لیں، اس محلول میں برابر مقدار میں نیم گرم پانی شامل کرکے حسب ذائقہ شہد ملا لیں۔
اس قہوے کو نیم گرم کر کے دن میں دو سے تین مرتبہ پئیں اور بچوں کو بھی پلائیں۔
ایک سال سے کم عمر بچوں کے لیے شہد کی جگہ چینی استعمال کریں۔
لیموں کے بچ جانے والے رس کا استعمال شہد کے ساتھ ملا کر کیا جا سکتا ہے۔
فوراً آرام کے لیے سردیوں میں لیموں کا استعمال شہد کے ساتھ کیسے کیا جائے ؟
موسم سرما میں گلے کی خرابی سے لے کر ناک کے بند ہونے کے علاج تک لیموں کا شہد کے ساتھ استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔
دن میںدو سے تین بار دو چائے کے چمچ شہد میں ایک چمچ لیموں کا رس مکس کر کے اگر پی لیا جائے تو اس سے صحت پر تیزی سے مثبت اثر آتا ہے، لیموں اور شہد سے بنا یہ مرکب بچوں کو بھی پلایا جا سکتا ہے۔