اسلام آباد ( آن لائن ) پیپلزپارٹی کے راہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے پاناما لیکس پر انٹرنیشنل فرانزک آڈٹ کمپنیوں سے تحقیقات کرائی جائیں، تحقیقات کا آغاز وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان سے ہونا چاہئے وزیر اعظم کے تمام اثاثے اگر جائز ہیں تو وہ تمام اثاثے قوم کے سامنے رکھیں، پارلیمانی کمیٹی بنانے کے لئے عمران خان کو منایا جا سکتا ہے پارلیمانی کمیٹی میں حکومت نہیں اپوزیشن اپنے بندے نامزد کرتی ہے۔وہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف پاناما لیکس پر کمیشن بنانے کے لئے الجھن کا شکار ہیں وزیر اعظم نواز شریف اپنے اور خاندان کے اثاثے قوم اور پارلیمنٹ کے سامنے رکھ دیں۔وزیر اعظم اپنے اثاثے کیوں ظاہر نہیں کرتے قوم الجھن میں ہے کہ حکمرانوں نے کس طرح اربوں کے اثاثے بنا لئے ہیں، پاناما لیکس پر انٹرنیشنل فرانزک آڈٹ کمپنی سے احتساب کرانے پر اتفاق ہے فرانزک آڈٹ کمپنی پارلیمانی کمیٹی یا چیف جسٹس کو رپورٹ کرے گی۔ پانامہ پر سب سے پہلے تحقیقات کا آغاز وزیر اعظم کے خاندان سے ہونا چاہئے اتفاق گروپ کا بھی آڈٹ ہونا چاہئے انہوں نے مزید کہا کہ سب سے صلح مشورے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے،پاناما لیکس پر دوسری جماعتوں سے مشاورت جاری رکھیں گے ۔