اسلام آباد (رپورٹ…وسیم عباسی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے رواں سال الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق ان کے اثاثوں میں 100فیصداضافہ ہوگیا ہے۔ ای سی پی میں جمع دستاویزات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور تحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی اسد عمر کے اثاثوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ وفاقی وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کے اثاثوں کی مالیت میں کمی واقع ہوئی ۔خورشید شاہ کے اثاثوں کی مالیت4کروڑ 26لاکھ 50 ہزار روپے ہے جبکہ گذشتہ سال ان کی منقولہ اور غیرمنقولہ جائیداد کی مالیت دو کروڑ 18 لاکھ 50 ہزار روپے تھی۔ اپوزیشن لیڈر جو پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، انہوں نے گذشتہ مالی سال کے دوران سکھر میں خریدی گئی سات ایکڑ اراضی اور 40لاکھ روپے مالیت کے مویشی ظاہر کئے ہیں۔ اسد عمر کے اثاثوں کی مالیت گذشتہ سال 68 کروڑ روپے سے بڑھ کر 87 کروڑ80لاکھ روپے ہوگئی۔ دستاویز کے مطابق انہوں نے اسٹاک مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔ چوہدری نثار کے مختلف بینکوں میں 2 کروڑ 28 لاکھ 90 ہزار روپے جمع ہیں جبکہ سال گذشتہ یہ رقم 90 لاکھ روپے تھی۔ رواں سال الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر ارکان پارلیمنٹ کے اثاثے ظاہر نہیں کئے اور صحافیوں کو ان کی نقول حاصل کرنے کیلئے ایک ہزار روپے فی نقل ادا کرنے پڑے۔