وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، جس میں وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو مافیاز سے لڑنے کا ٹاسک سونپ دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مافیاز کے حوالے سے آوازئیں گونجتی رہیں۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری، اعظم سواتی سمیت دیگر وزراء نے اپنے شعبہ جات سے جڑے مافیاز سے متعلق وزیراعظم سے شکایات کیں۔
فواد چوہدری نے وہیکل پالیسی پر کمپنیوں اور دیگر افراد کی رکاوٹوں کا ذکر کیا اور کہا کہ گاڑیوں کا مافیا وہیکل پالیسی کا مخالف ہے۔
ذرائع کے مطابق اعظم سواتی نے سی ڈی اے اور آر ڈی اے میں کرپشن کی تفصیلات سامنے رکھیں اور کہا کہ ان محکموں میں بے انتہا کرپشن کی شکایات ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہیں تو اگلے دن ہی متاثرہ لوگوں کو سامنے لے آؤں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے سی ڈی اے اور آر ڈی اے سے متعلق اعظم سواتی کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ سی ڈی اے میں کرپشن سے متعلق لوگ مجھے بھی مسیج کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے وزراء سے کہا ہے کہ وہ ہر طرح کے مافیا کو مات دیں اور کسی بھی طرح کے پریشر میں مت آئیں۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے وزراء سے کہا کہ ہمیں عوام نے اسی مافیا سے لڑنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔