• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی زیادہ تنخواہیں کم، آمدنی بڑھنے تک قوم صبر کرے، حرام کمانے والے سیاست دان آج نشان عبرت، عمران خان

مہنگائی زیادہ تنخواہیں کم، آمدنی بڑھنے تک قوم صبر کرے، عمران خان


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو نئے پاکستان کی طرح نئی پولیس کے طور پر نظر آنا چاہیے، عام شہری کو عزت دی جائے، پولیس کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دیں گے، نیا پاکستان ہائوسنگ میں انہیں قسطوں پر گھر دیئے جائیں گے۔

تنخواہیں بڑھانے پر غور کیا جائے گا، فوج ملکی سرحدوں اور پولیس عوام کے جان و مال کی محافظ ہے، حرام پیسہ کمانے والے سیاستداںآج عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں‘بے تحاشہ دولت ہونے کے باوجود کبھی اسپتالوں میں جا رہے ہیں اور کبھی ملک سے باہر، بچے بھی باہر بھاگے ہوئے ہیں اور باپ کی چوری چھپانے کے لئے جھوٹ بولنا پڑ رہاہے۔

ایسے پیسے کا کیافائدہ ‘یہ پیسہ اللہ کا عذاب ہے ‘ جان و مال کے تحفظ تک کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، ملک میں سب کچھ ہے صرف گورننس ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے‘ملکی آمدنی بڑھنے تک قوم کو صبر کرنا ہے‘میں جانتاہوں مہنگائی زیادہ اورتنخواہیں کم ہیں لیکن میں بادشاہ نہیں وزیراعظم ہوں۔

تنخواہیں بڑھانے کیلئے وزیر خزانہ سے پوچھنا پڑتاہے ‘صرف اوورسیز پاکستانی اس ملک کو اٹھا سکتے ہیں مگر اس وقت انہیں اعتماد نہیں ہے کہ ان کا پیسہ یا سرمایہ یہاں محفوظ رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پولیس لائنز میں پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان کا کہناتھاکہ پولیس کو معاشرے میں جائز مقام نہیں ملا ،میری خواہش ہے کہ پاکستان کی پولیس بھی ایسی ہو کہ عوام ان پر اعتماد کریں اور انہیں اپنا سمجھیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ وہ سیاستدان جن کو اللہ نے موقع دیا اور ملک کا سربراہ بنا دیا، ان کے سامنے بھی صحیح اور غلط کے راستے تھے، وہ حلال کمائی بھی کر سکتے تھے لیکن جس راستے پر وہ نکل گئے آپ کے سامنے آج وہ عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں، ان کو خود نہیں پتہ ان کے پاس کتنا پیسہ ہے لیکن کبھی اسپتالوں جارہے ہیں کبھی ملک سے باہر جا رہے ہیں، کبھی بچے باہر بھاگ رہے ہیں۔

بچوں کو باپ کی چوری بچانے کے لیے جھوٹ بولنا پڑرہا ہے، ایسے پیسے کا کیا فائدہ، یہ پیسہ اللہ کا عذاب ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ سمندر پار پاکستانی یہاں پلاٹ لیتے ہیں یا گھر بناتے ہیں تو ان پر قبضے ہو جاتے ہیں۔

انہیں یہ اعتماد دینا ہو گا کہ ان کا سرمایہ اور پیسہ محفوظ ہے۔ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے پر غور کریں گے‘ہم قرضوں پر ملک کو نہیں چلا سکتے۔ 

تازہ ترین