• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم کے یوم پیدائش پر رابی پیرزادہ کا پیغام

سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ کہتی ہیں کہ بابائے قوم قائداعظمؒ نے ہمیشہ پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کی بات کی۔

گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 145ویں یومِ ولادت کے موقع پر اُنہیں ایک خاص انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

رابی پیرزادہ نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر کاؤنٹ پر اپنے ہاتھ سے بنائے گئے بابائے قوم کے خاکے کی تصویر شیئر کی ہے۔

سابقہ گلوکارہ نے خاکے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’قائداعظمؒ نے ہمیشہ پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کی بات کی اور قرآن کریم کو پاکستان کا دستور قرار دیا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اگر ہم پاکستان کو ریاست مدینہ بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے قائد کے فرمودات پر من و عن عمل درامد کرنا ہوگا۔‘

رابی پیرزادہ نے پاکستان کے موجودہ حکمرانوں کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کو ریاستِ مدینہ میں تبدیل کرنے کے لیے حکمرانوں کو بھی بانی پاکستان کی طرح زندگی گُزارنے کی ضرورت ہے۔‘

واضح رہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 145 واں یوم ولادت منایا جارہا ہے۔

قیامِ پاکستان کے بعد قائد اعظم کی طبیعت ناساز رہنے لگی اور کئی بیماریوں سے لڑتے لڑتے بالآخر11ستمبر 1948 کو ملت کا پاسبان دار فانی سے کوچ کرگیا لیکن رہتی دنیا تک پاکستانی قوم اپنے عظیم قائد کی احسان مند رہے گی۔

تازہ ترین