پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 65 رنز سے ہرادیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 136 پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ابتدا میں محتاط اور سلو اسٹارٹ کے بعد قلندرز نے گیئر بدل کر مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 201 رنز بنائے۔
فخر زمان نے 76 جبکہ ڈیرل مچل نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ سیم بلنگز نے 19، سکندر رضا نے 10، محمد نعیم نے 7، عبداللہ شفیق نے 6 اور رشد حسین نے 2 رنز بنائے۔
حسن علی نے 4 اہم وکٹیں لیں، عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کی بیٹنگ کو ابتدا میں ہی قلندرز کے کپتان شاہین نے دبوچ لیا، پہلے ہی اوور میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر اور گزشتہ میچ کے ہیرو جیمز ونس کو صفر پر پویلین لوٹا دیا۔
دو اہم وکٹیں پہلے ہی اوور میں گنوانے کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم کو دوبارہ میچ میں آنے کا موقع نہ مل سکا اور پوری ٹیم 136 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے خوشدل شاہ نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے جبکہ حسن علی 27 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔
قلندر کے کپتان شاہین آفریدی اور رشد حسین نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سکندر رضا کے حصے میں ایک، حارث رؤف اور آصف آفریدی کے صھے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
لاہور قلندرز کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد نعیم، عبداللّٰہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز، سکندر رضا، رشاد حسین، حارث رؤف، آصف آفریدی اور زمان خان شامل تھے۔
کراچی کنگز کے کپتان محمد ڈیوڈ وارنر تھے، انکے ساتھ پلیئنگ الیون میں ٹم سیفرٹ، جیمز ونس، شان مسعود، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، عرفات منہاس، عباس آفریدی، ایڈم ملن، حسن علی اور فواد علی شامل تھے۔