جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈراما سیریل ’کہیں دیپ جلے‘ میں ردا کا مرکزی کردار ادا کرنے والی نامور اداکارہ نیلم منیر نے بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح کو اپنا آئیڈیل قرار دے دیا ہے۔
اکثر سوشل میڈیا پر معنی خیز پیغامات جاری کرکے مداحوں کے دل جیتنے والی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ نیلم منیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ایک خطاب ویڈیو پوسٹ کی ہے۔
نیلم منیر کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں قائداعظم محمد علی جناح اعلان کر رہے ہیں کہ ’پاکستان کی قومی زبان اُردو ہے۔‘
قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا کہ ’جو بھی آپ کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے وہ واقعتاً پاکستان کا دشمن ہے۔‘
بانی پاکستان نے فرمایا کہ ’ایک زبان کے بغیر کوئی قوم متحد نہیں رہ سکتی۔‘
نیلم منیر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’قائد اعظم محمد علی جناح میری سب سے پسندیدہ شخصیت اور میرے آئیڈیل ہیں۔‘
اداکارہ کی اس خصوصی پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور اس کا اندازہ اُن ہزاروں لائکس سے لگایا جاسکتا ہے جو اُن کی پوسٹ پر آچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیلم منیر نے انسٹاگرام پر مداحوں کے لیے معنی خیز پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آزمائش مشکلات کا نہیں بلکہ کامیابی کا سبب بنتی ہیں۔
نیلم منیر کا کہنا تھا کہ اگر آپ کبھی بھی اپنی ذات پر کسی وجہ سے شک کرتے ہیں یا پھر اپنی صلاحیتوں کے بارے میں خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں تو یہ بات لازمی یاد رکھیں کہ آپ کو پیدا کرنے والا رب کبھی بھی آپ کی برداشت سے زیادہ آپ پر بوجھ نہیں ڈالتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عام طور پر ہم اللّہ تعالیٰ کی طرف سے دی گئی آزمائشوں کو مشکلات قرار دیتے ہیں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ وہ آزمائشیں ہماری کامیابی کا سبب بنتی ہیں۔