سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی پینٹنگ بناکر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اُس نایاب پینٹنگ کی تصویر شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی تصویر بنائی ہے۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں رابی پیرزادہ ہاتھ میں برش لیے پینٹنگ تھامے بیٹھی ہیں جبکہ محترمہ فاطمہ جناح کی پینٹنگ بنانے کی وجہ سے رابی پیرزادہ کافی خوش بھی نظر آرہی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے پینٹنگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح ایک بہادر خاتون تھیں اور میں نے اُن کی پینٹنگ بہت دل سے بنائی ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’کاش ہم اپنے ہیروز کو یاد رکھیں اور اُنہیں وہ اہمیت دیں جس کے وہ حقدار ہیں۔‘
رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’شاید اس پینٹنگ کو کوئی نہ خریدے لیکن یہ میری طرف سے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو سلام ہے۔‘
اس سے قبل رابی پیرزادہ نے کہا تھا کہ وہ جلد ہی مصوری میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔