• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجگور، فٹ بال اسٹیڈیم میں دھماکا، 2 تماشائی جاں بحق

پنجگور (نمائندہ جنگ) پنجگور کے علاقے فٹبال گرائونڈ میں دھماکا، دو افراد جاں بحق، 8 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پنجگور آفتاب فٹبال کلب کے گراؤنڈ میںسیمی فائنل میچ کے فوراً بعد زور دار دھماکاہوگیاجس کے نتیجے میں 2 افراد جاںبحق اور8زخمی ہوگئے، دو گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا معلوم نہ ہوسکا۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے دھماکےکے فوری بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا میں رحیم جان اور حسن جان نامی شخص جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔جاں بحق افراد کا تعلق پنجگور کے علاقے بونستان سے بتایا جاتا ہے جو تماشائی تھے اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے جبکہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا ء اللہ لا نگو نے پنجگور میں آفتاب فٹ بال اسٹیڈیم کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذ مت کر تے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دھماکا ظلم کی انتہا اور ناقابل برداشت ہے انسانی قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید افسوس ہے دہشتگردوں کی یہ بزدلانہ حرکتیں قوم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔درایں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں پنجگور فٹبال اسٹیڈیم میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ فٹ بال اسٹیڈیم میں دھماکا صوبے کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو صحت مندانہ سر گرمیوں سے بد ظن کرنے اور صوبے کے مستقبل کو تاریک بنانے کی دانستہ اور شعوری کوششوں کاتسلسل ہے ۔بیان میں مطالبہ کیاگیا کہ اس نارواوقابل گرفت واقعہ میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرکے انہیں قرارواقعی سزادی جائے ۔بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ کی دادرسی کیلئے شہداءپیکیج سے ان کی مالی مدد وزخمیوں کا بہتر علاج کرایا جائے۔بیان میں شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔  

تازہ ترین