• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہرنائی: چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار شہید

بلوچستان کےضلع ہرنائی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چیک پوسٹ پر مسلح دہشت گردوں کے حملے کے دوران 7 اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔

بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ جام کمال خان نے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیاہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب زلان تنگی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کی چیک پو سٹ پر حملہ کر دیا تھا۔

حملہ آوروں نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 7 اہلکاروں نے جامِ شہا دت نوش کیا جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد مزید نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا کہ دہشت گرد حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز وطن کا دفاع اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا جانتی ہیں، شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں، ہم سب کو ان پر فخر ہے، ہم شہید ہونے والے اہلکار کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے حملے میں زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔

تازہ ترین