گھوٹکی(نامہ نگار) محکمہ آبپاشی کی لیبر یونین فیڈر کینال ایریا واٹر بورڈ گھوٹکی کی جانب سے اپنے مطالبات حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنماؤں شبیر احمد بھٹی ، محمد شریف گھوٹو ، خمیسو خان رند ، لالا قیصر زمان پٹھان اور دیگر نے کہا کہ احتجاج کے باوجود محکمہ آبپاشی کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جارہے جس کے باعث سیکڑوں ملازمین مسائل سے دوچار ہیں سن کوٹہ اور ریٹائرڈ ملازمین کی اولاد کو نوکریاں دینے کے بجائے منتخب نمائندوں نے من پسند افراد میں نوکریاں کی بندر باٹ کرکے انہیں تنخواہیں بھی جاری کرادی ہیں جبکہ ملازمین کے بیٹے نوکریوں کے لیے دھکے کھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں جبکہ منتخب نمائندوں نے ملازمین کی اولاد کی جگہ اپنے من پسند افراد بھرتی کرکے انہیں اپنے حق سے محروم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے ہزاروں ملازم سراپا احتجاج ہیں مگر حکام بالا کوئی نوٹس لینے کو تیار نہیں۔ احتجاج کرنے والے ملازمین نے جائز حقوق تسلیم نہ کرنے کی صورت میں احتجاجی تحریک چلانے کا عندیہ دیتے ہوئے تادم مرگ بھوک ہرتال کرنے کا انتباہ دیا۔