وفاقی کابینہ نے جاوید غنی کو ایف بی آر کا مستقل چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ منظوری وفاقی کابینہ نے آج ہونے والے اجلاس میں دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں نیب اور ایف آئی اے کے امریکی انٹیلی جنس ادارے ایف بی آئی سےمعاہدے سے متعلق فیصلہ بھی آج کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ معاہدے کے تحت نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آئی کے مابین معلومات کا تبادلہ ہو گا، دونوں ممالک کے ادارے کرپشن اور دہشت گردی کےملزمان کے خلاف تعاون کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیرِانسانی حقوق شیریں مزاری کے اعتراض پر سمری سرکولیشن کے ذریعے منظور نہ ہو سکی۔
شیریں مزاری کامؤقف ہے کہ ایف بی آئی کا کردار مختلف ہے، معاہدے سے پاکستان میں سیاسی پنڈورا باکس کھل جائے گا، ایف بی آئی کا امریکا میں کردار دہشت گردی اور امن و امان کے قیام سے متعلق ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سمری سرکولیشن سے منظور نہ ہونے پر وزیرِ اعظم نے کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔