کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کے چیزمین زاہد اقبال ہاشمی نے اقوامِ متحدہ سے سوال کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ کیا مقبوضہ کشمیر دنیا کا حصہ نہیں جو بچوں کے عالمی دن کے موقع پر انہیں کشمیری بچے نظر نہیں آئے؟
بچوں کے عالمی دن کے موقع پیرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد اقبال ہاشمی نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے ادارے یونسکو کو دنیا بھر میں اسکولوں سے باہر بچوں کا خیال تو آیا لیکن انہیں مقبوضہ کشمیر کے بچے دکھائی نہیں دیے، جو اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں۔
انہوں کہا کہ کیا کہ یہ دن کشمیری بچوں کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا؟ کیونکہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی اور ناروا سلوک کر رہے ہیں۔
زاہد اقبال ہاشمی نے اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کے اداروں اور بچوں کے تحفظ کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ آگے آئیں اور کشمیری بچوں کو بھارتی تشدد سے بچائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی ناصرف معصوم بچوں کو گرفتار کرتے ہیں بلکہ انہیں جنگی ہتھیار کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں، عالمی برادری کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
زاہد اقبال ہاشمی نے یہ بھی کہا کہ ہزاروں کشمیری بچوں کو یتیم، سینکڑوں کو پیلٹ گنوں کی فائرنگ سے معذور اور نابینا بنا دیا گیا جبکہ ہزاروں کو والدین کی گرفتاری کے بعد بے سہارا کر دیا گیا ہے۔