کراچی (اعظم علی /نمائندہ خصوصی )لیاری میں منشیات فروشوں اور گٹکا‘ماوا‘مین پوری بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف زمین تنگ ‘کلاکوٹ پولیس کا منشیات فروشوں اور گٹکامافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن ‘متعدد ملزمان گرفتار ‘مقدمات درج کرلئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس کا علاقے میں منشیات فروشوں اور گٹکامافیا کے خلاف آپریشن زوروشور سے جاری ہے ‘پولیس نے نیوکمہارواڑہ ‘ کلاکوٹ‘ نوالین ‘بکراپڑی ‘آفشانی گلی اور دیگر علاقوںمیں چھاپے مارکر گٹکا‘ماوااورمین پوری بنانے‘بیچنے اورمنشیات فروخت کرنے والے 25 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طورپر 83کلو گٹکا ‘2کلو گرام سے زائد چرس وہیروئن اور دیگر نشہ آوراشیاءبرآمدکرلیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ۔جنگ کے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ کلاکوٹ انسپکٹر آصف منور نے بتایا کہ منشیات اور گٹکے کا استعمال نوجوان نسل کو تباہ کررہا ہے ‘مافیا کو قوم کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دیاجائے گا ‘ علاقے کو منشیات سمیت تمام جرائم سے پاک کریں گے ‘اس لعنت کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔