کراچی،اسلام آباد ( ٹی وی رپورٹ، خبر ایجنسیاں)لیگی رہنما کی گرفتاری پر حکومتی وزرا کاکہناہےکہ خواجہ آصف کو بہت پہلے گرفتار ہوجانا چاہئے تھا، نیب خودمختار ادارہ ہے، ہماری کوئی مداخلت نہیں۔
مریم نواز خود سزا یافتہ،خواجہ آصف کو اغوا کیا گیا کہنا مضحکہ خیز ہے۔
منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قانون کی نظر میں کوئی چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا، قانون سب کے لئے برابر ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام آزادانہ طور پر کرتے ہیں۔
اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ، نیب کا قانون مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے کو پھنسانے کے لئے بنایا تھا۔
اگر کسی نے قانون کے خلاف کوئی بھی کام کیا ہے تو اس کو بھگتنا ہوگا، جہاں تک کیسز کا تعلق ہے تو کوئی بھی ایسا شخص جس پر کرپشن کے چارجز ہیں تو وہ عدالت جائے اور دیگر قانونی راستے اختیار کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں کا رویہ ایسا ہے کہ جب ان کو کسی کیس میں پکڑا جاتا ہے تو وہ اپنی کرپشن یا اپنے کیس کے حوالے سے ثبوت پیش کرنے کی بجائے یہ کہتے ہیں کہ فلاں بھی چور ہے تو مجھے کیوں پکڑا گیا۔
اس طرح کے فیصلے کبھی بھی غیر متنازعہ نہیں ہوتے، کچھ لوگ اس طرح کے فیصلے کے حق میں ہوتے ہیں اور کچھ لوگ اس فیصلہ کے خلاف ہوتے ہیں لیکن حقیقت کیا ہے یہ فیصلہ قانون نے کرنا ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اگر اثاثوں کے حوالے سے ثبوت طلب کرتے ہیں تو اثاثوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرنا چاہیے، ہم سے کوئی پوچھے اثاثے کیسے بنائے ہم جواب دیں گے۔