• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کا فیصلہ سیاسی، زرداری بدلے چکارہے ہیں، وفاقی وزراء

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کی طرف سے استعفے نہ دینے کا فیصلہ کرنے کے بعد وفاقی وزراء نے مختلف بیانات میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا فیصلہ سیاسی ہے‘ زرداری بہت چالاکی سے ن لیگ سے پرانے بدلے چکا رہے ہیں.

نواز نے 2دفعہ پی پی کی پیٹھ میں خنجر گھونپا،اب باری زرداری کی تھی ،استعفوں سے انکار کے بعد مولانا کیلبری کوئین کے خواب چکنا چورہوگئے ہیں‘ استعفوں کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے.

فضل الرحمان کیلئے آج صف ماتم بچھی ہے ، سینیٹ میں اکثریت ملنے کے بعد18ترمیم ختم ،سخت قانون سازی،فوج پر بولنے والوں کیخلاف کارروائی کرینگے ،عمران خان کی ایک دہائی قبل کی گئی پیش گوئی سچ ثابت ہو رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیرفواد چوہدری ‘فیصل واوڈا‘شیخ رشید اور معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ردعمل میںکیا۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی فیصلہ کیا ہے،نواز شریف نے 2008 اور میمو گیٹ کے دوران پیپلز پارٹی کی پیٹھ میں خنجرگھونپا ،اب باری زرداری صاحب کی تھی، عملی طور پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ختم ہوگیا ۔

فیصل واوڈا نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے استعفوں کے بارے میں ٖ فیصلہ نے مولانا اور کیلبری کوئین کو تھپڑرسید کر کے انکےخوابوں کو چکنا چور کر دیا ہے‘بھکاریوں کے پاس پسند کا کوئی اختیار نہیں ہوتا،شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن ارکان کے استعفوں کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے، فضل الرحمان کیلئے آج صف ماتم بچھی ہے

فوج کیخلاف بدزبانی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ آصف علی زرداری اپنے مفاد اور ذات کیلئے پتے اچھی طرح کھیلتا ہے ‘نئے سال میں عمران خان کا ڈنکا بجے گااور چھا جائے گا‘مفتی کفایت کیخلاف لاہور میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

تازہ ترین