پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم بیٹسمین فواد عالم نے ٹیسٹ میچ میں شکست پر اپنے جذبات کا اظہار کردیا۔
ویڈیو پیغام میں فواد عالم نے کہا کہ کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں زیادہ سے زیادہ دیر وکٹ پر رک کر کھیلیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم مشکل میں تھی، اسی وجہ سے ہماری کوشش یہ رہی کہ آج کا دن وکٹ پر گزار لیں۔
ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے فواد عالم نے نیوزی لینڈ سے شکست پر افسوس کا اظہار کیا ۔
ان کا کہنا تھاکہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھی ہوں۔
فواد عالم نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ ٹیم مشکلات کا شکار تھی، ایسے وقت میں پرفارم کیا، میری طرح سب ہی نے میچ بچانے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکٹ پر موجودگی کے دوران ہماری کوشش تھی کہ ہار نہیں ماننی، لگے رہنا ہے، سیشنز بائے سیشنز آج کا دن گزارنا ہے۔
فواد عالم نے یہ بھی کہا کہ مخالف بولر کی اچھی گیند پر تو بیٹسمین کو آؤٹ ہوہی جانا ہوتا ہے، ہم دونوں کی وکٹ پر یہی کوشش تھی آؤٹ نہ ہوں۔