• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر بحریہ ٹاؤن میں پلے گروپ سے یونیورسٹی لیول تک تعلیم ملے گی‘ ملک ریاض

اسلام آباد (حنیف خالد) بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے ہر اُس شہر میں پلے گروپ سے یونیورسٹی لیول تک تعلیم کی فراہمی کا بندوبست کرنے کا پلان بنایا گیا ہے جہاں پر بحریہ ٹائون موجود ہے۔ بحریہ ٹائون کراچی میں مایہ ناز اقراء یونیورسٹی کی جانب سے بزنس سکول کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ طالب علموں کیلئے یہ ایک بہت بڑی خوشخبری ہے۔ افتتاحی تقریب میں اقراء یونیورسٹی کی جانب سے شاندار آتش بازی کی گئی۔ پاکستان کی سب سے بڑی گرینڈ جامع مسجد جو حرمین شریفین کے بعد دنیا کی تیسری بڑی مسجد کہلائے گی سے منسلک کیمپس میں تعلیم صرف غیرملکی فیکلٹی کے زیرنگرانی دی جائے گی۔ کیمپس میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ‘ میڈیا سائنس‘ کمپیوٹر سائنسز اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبے فی الحال رکھے جائیں گے۔ نامور آرکیٹکٹ نیئر علی دادا کا ڈیزائن کردہ یہ کیمپس بحریہ یونیورسٹی کراچی میں تعمیر ہونے والی دنیا کی تیسری اور پاکستان کی سب سے بڑی گرینڈ جامع مسجد سے منسلک ہے جو اسلامی طرز تعمیر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ملک ریاض حسین نے بتایا کہ یہ کیمپس ورلڈ کلاس انفراسٹرکچر‘ جدید ٹیکنالوجی‘ آر اینڈ ڈی سہولیات سے لیس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روٹس‘ ملینیم اور بحریہ ٹائون سکول اینڈ کالج کے تحت دو کیمپس پہلے ہی نہ صرف بحریہ ٹائون کے رہائشیوں بلکہ اردگرد کے علاقوں کے بچوں کو بھی تعلیم کی جدید اور اعلیٰ سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور اب بحریہ ٹائون کراچی میں اقراء یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے ساتھ ہی ایک عظیم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے کہ جس کی وجہ سے اب چھوٹے بچوں کے پلے گروپ سے لیکر یونیورسٹی لیول تک کی تعلیم کو بحریہ ٹائون کے اندر فراہم ہوا کریگی۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین کے ویژن کے عین مطابق یہ کیمپس تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں مثالی کردار ادا کریگا بلکہ بحریہ ٹائون میں موجود طالب علموں کی علمی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریگا۔ اقراء یونیورسٹی کے بزنس سکول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقراء یونیورسٹی کا یہ جدید کیمپس مکمل طور پر غیرملکی فیکلٹی کا حامل ہے اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریگا۔ اس کیمپس کی خاص بات ایک ایسے تعلیمی ادارے کا قیام ہے جو پاکستان کا پہلا ادارہ ہو گا جہاں کے ریسرچ اور ٹیچنگ فیکلٹی ممبران تمام غیرملکی ہیں اور انٹرنیشنل یونیورسٹیوں میں تدریس کا تجربہ رکھتے ہیں۔ پچھلے کچھ سالوں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے سرفہرست قرار دیئے جانے والے اس ادارے کے اس کیمپس میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ‘ میڈیا سائنس‘ کمپیوٹر سائنس اور بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم دی جائیگی۔ بحریہ ٹائون کراچی میں اقراء ٹائون یونیورسٹی کیمپس کا شاندار آغاز کیا گیا۔ بحریہ ٹائون اور اقراء یونیورسٹی کی یہ کاوش علم کے شعبے میں اہم پیشرفت اور طالب علموں کیلئے بہترین خوشخبری ثابت ہوگی۔ بدھ کی شام ہونیوالی اس تقریب میں بحریہ ٹائون کی مینجمنٹ اور مارکیٹنگ ٹیم‘ اقراء ٹیم کی مینجمنٹ‘ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی نمایاں شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر اقراء یونیورسٹی کی جانب سے آتش بازی کا پرکشش مظاہرہ بھی کیاگیا۔ تقریب میں کورونا ایس او پیز کا بھی مکمل خیال رکھا گیا۔

تازہ ترین