• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کیلئے 40کلومیٹر ٹریک کا سروے مکمل

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کیلئے زمین کی نشاندہی کیلئے 40کلومیٹر ٹریک کا سروے مکمل ہو چکا جبکہ 31کلومیٹر ٹریک کا قبضہ کلیئر کرکے بتیاں لگائی جا چکی ہیں۔ رنگ روڈ سٹارٹنگ پوائنٹ پر ریڈیو پاکستان انٹرچینج کے متبادل ڈیزائن پر بھی کام ہو رہا ہے تاکہ روات کے قریب ریڈیو پاکستان کے ٹاورز کو کسی دوسری جگہ منتقل نہ کرنا پڑے کیونکہ ٹاورز کی منتقلی کی لاگت ایک ارب روپے تک ہو گی۔ یہ باتیں کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نےرنگ روڈ منصوبہ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کا اہم حصہ اکنامک زونز ہیں جہاں شہر کے گنجان علاقوں میں موجود انڈسٹری کو منتقل کیا جائیگا۔ انہوں نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ اکنامک زونز کی پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت تیاری کیلئے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک اڈوں کی رنگ روڈ پر منتقلی کے حوالے سے گڈز ٹرانسپورٹرز سے بھی رابطہ ہے اور ٹرک اڈوں کی رنگ روڈ پر منتقلی سے شہر میں ہیوی ٹرانسپورٹ کا رش کم ہو گا۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ سنگجانی انٹرچینج کو تین مراحل میں مکمل کیا جائیگا اور تینوں مراحل میں زمین کے حصول اور تعمیر کی لاگت کے تخمینے مکمل ہو چکے ہیں۔ رنگ روڈ منصوبہ کی زمین کی نشاندہی کا کام جاری ہے اور جھاڑیوں اور دشوار گزار راستوں میں زمین کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ متعلقہ پٹواریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے کھاتوں میں بھی نشاندہی کا ریکارڈ رکھیں۔
تازہ ترین